ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ’ ٹیٹ 2014 ‘ کا انعقاد ممکن نہیں رہا

حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاست میں اساتذہ کے تقررات کیلئے ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ۔ ٹیٹ 2014 کا انعقاد عمل میں آنا اب ممکن نہیں ہے ۔ اس تعلق سے اعلی عہدیداران محکمہ تعلیم نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ریاست کی تقسیم اور بالخصوص آئندہ ماہ اپریل میں منعقد ہونے والے انتخابات کی روشنی میں ٹیٹ منعقد نہیں کیا جاسکے گا ۔ محکمہ تعلیمات کے ذرائع نے کہا چونکہ اندرون ایک ہفتہ ریاستی اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے لیے باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری ہونے والا ہے لہذا انتخابی اعلامیہ کے جاری ہونے کے بعد کوئی ٹسٹس وغیرہ منعقد نہیں کئے جاسکتے ہیں اور انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے بعد اگر حکومت اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتی ہے تو اس صورت میں ’ ٹیٹ ‘ ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ کا انعقاد ممکن ہوسکے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ منعقد کرنے امیدواروں سے درخواستوں کے ساتھ فیس وصول کی گئی تھی ۔ اور اس فیس کے عوض حکومت کو زائد از دس کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں اور اگر آئندہ دنوں میں ٹیٹ منعقد ہونے کی صورت میں فیس کی رقم کو دونوں ریاستوں کی اساس پر تقسیم کر کے ان دو ریاستوں میں حکومت اگر کوئی فیصلہ کرتی ہے تو اس صورت میں دوبارہ ٹیٹ کا انعقاد عمل میں لایا جاسکے گا ۔ بتایا جاتا ہیکہ گذشتہ سال ماہ جولائی میں ٹیٹ کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ۔

لیکن تین مرتبہ ٹیٹ کی تاریخ کا تعین کرنے کے بعد آخری لمحات میں ملتوی کردیا گیا اور دوبارہ آخری مرتبہ 9 فروری کو ٹیٹ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ریاست کی تقسیم کے خلاف اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کی جانب سے سیما آندھرا علاقوں میں شروع کی گئی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے باعث سیما آندھرا علاقوں کے 13 ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس نے ٹیٹ منعقد کرنے سے بے بسی کا اظہار کرکے صورتحال پر مبنی تفصیلی رپورٹس روانہ کئے تھے ۔ جس کی روشنی میں خود ریاستی حکومت بھی بے بس ہو کر مجبورا ٹیٹ کو ملتوی کرنے کا اعلان کرنا پڑا تھا ۔ ذرائع کے مطابق ٹیٹ میں شرکت کرنے زائد از چار لاکھ امیدواروں نے درخواستیں پیش کر کے ٹیٹ کے انعقاد کا انتظار کررہے تھے ۔ لیکن ناسازگار حالات کے پیش نظر حکومت ٹیٹ منعقد نہیں کرسکی ۔ تاہم انتخابات مکمل ہونے کے بعد ہی نئی ریاستوں یعنی تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں حکومتوں کی تشکیل عمل میں آنے کے بعد ہی ٹیٹ منعقد ہونے کا امکان پایا جاسکتا ہے ۔