ٹیٹ اور ڈی ایس سی کیلئے اچھی طرح تیاری کا مشورہ

دفتر سیاست میں لیکچر، جناب عبدالرشید کا خطاب
حیدرآباد 3 جنوری (سیاست نیوز) ٹیچرس کے امتحانات ٹیٹ اور ڈی ایس سی میں تعلیمی نفسیات اور تعلیمی فلسفہ کے سوالات لازمی ہیں۔ نفسیات انفرادی اور فلسفہ اجتماعی فعل سے تعلق رکھتے ہیں۔ نفسیات کے نظریہ اور فلسفہ کو تاریخ میں کئی مفکرین اور ماہرین نے اپنے تجربات کے ساتھ پیش کیا۔ جو بی ایڈ، ڈی ایڈ میں شامل نصاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب عبدالرشید گورنمنٹ لکچرر ڈائٹ ناگارم نظام آباد نے سیاست کے زیراہتمام محبوب حسین جگر ہال عابڈس حیدرآباد میں ٹیچرس امیدواروں کے توسیعی لکچر میں کیا اور بتایا کہ بچہ کی نشوونما اور فروغ میں فرق ہے۔ ذہانت کے اُصول اور ذہنی سطح کے ساتھ دوران ٹریننگ جو کتب پڑھائے جاتے ہیں وہ تدریسی عمل کیلئے نہایت معاون ثابت ہوتے ہیں۔ حکومت تربیت یافتہ امیدواروں کیلئے اہلیتی امتحان ٹیٹ کو رکھتے ہوئے تقررات کرتی ہے۔ ٹیچرس کے سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے نمونہ سوالات کے مطابق پوری سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ تیاری کریں۔ پرائمری سطح پر پانچویں / آٹھویں کے درسی کتب کا مطلب صرف ان کا مواد نہیں ہوتا بلکہ اس کے مطابق اعلیٰ جماعتوں دسویں / انٹرمیڈیٹ تک متعلقہ مضمون اور نصاب کے سوالات آسکتے ہیں۔ تعلیمی نفسیات میں بچوں کی نفسیات بھی شامل ہے اور اسے ایک مشکل مضمون سمجھا جاتا ہے جبکہ اس کے یاد کرنے اور سمجھنے کے لئے منصوبہ بندی اور حکمت عملی بنائی جائے تو نہ صرف مضمون کو سمجھ سکتے ہیں بلکہ مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔ بچوں کی ذہانت کے فارمولہ کے تحت تین قسم کی ذہانت ہیں۔ جناب عبدالرشید نے ٹیچرس امیدواروں کے سوالات کے تشفی بخش جوابات دیئے۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے خیرمقدم کرتے ہوئے اس لکچر کے اغراض و مقاصد بتائے۔ طاہر پاشاہ قادری، سید مصور، اطہر خان، عرشیہ نے معاونت کی۔