ٹیونیشیاء میں مزید دہشت گرد حملوں کا برطانیہ کا انتباہ ‘ حفاظتی انتظامات میں شدت

لندن۔28جون ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ نے ٹیونیشاء میں مقیم اپنے شہریوں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انتباہ دیا کہ ٹیونیشاء میں مزید دہشت گرد حملے ممکن ہے۔ ساحلی سیاحتی مرکز پر حملے اور قتل عام میں 38افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ دولت اسلامیہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ نے سیاحت کے بارے میں مشورہ جاری کرتے ہوئے ٹیونیشیاء میں مقیم اپنے شہریوں سے کہا کہ ٹیونیشاء میں مزیددہشت گرد حملے بشمول سیاحتی مراکز پر ممکن ہیں ۔ ان میں افراد پر حملے بھی شامل ہیں جو عہدیداروں کیلئے نامعلوم ہیں اور جن کی کارروائیوں کی تحریک سوشل میڈیا کے ذریعہ دہشت گرد گروپس دیتے ہیں ۔ اپنے شہریوں کو جو ٹیونیشیاء میں مقیم ہیں چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے وقت جب تیونس کے صیانتی عہدیدار برطانیہ کے مشوروں پر عمل کررہے ہیں ‘ برطانوی شہریوں کو بھی چاہیئے کہ خصوصی چوکسی اختیار کریں اور ٹور آپریٹرس کی ہدایت پر عمل کریں ۔ جمعہ کے دن ٹیونیشاء کے سیاحتی مرکز سوسے میں دہشت گرد حملہ ہوا تھا ۔ مہلوکین میں 15 برطانوی شہری بھی شامل ہیں ۔ حالانکہ سرکاری عہدیدارو ںکے بموجب ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ممکن ہے ۔ 39افراد زخمی ہیں جن میں 25 برطانیہ کے شہری ہیں ۔حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔