ٹیلکم پاؤڈر سے کینسر، جانسن اینڈ جانسن کو جرمانہ

میسوری ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست میسوری کی ایک عدالت نے جانسن اینڈ جانسن کمپنی کو، ان کے بے بی پاؤڈر کے استعمال کے باعث مبینہ طو پر کینسر میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والی خاتون کے ارکان خاندان کو سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ نیند کے اوقات میں تبدیلی سے کینسر کا خطرہ گذشتہ سال بیضہ دانی کے سرطان کے باعث ہلاک ہونے والی 62 سالہ خاتون جیکی فاکس کا تعلق امریکی شہر الباما سے تھا۔ وہ کئی دہائیوں سے کمپنی کا پاؤڈر استعمال کررہی تھی۔ اْن کے خاندانی وکیل کا موقف تھا کہ کمپنی کو اْن کی مصنوعات کے استعمال سے سرطان کے خطرے کا علم تھا لیکن وہ صارفین کو اِس حوالے سے خبردار کرنے میں ناکام رہی۔ جانسن اینڈ جانسن نے اِس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کرنے پر غور کررہے ہیں۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صارف کی صحت اور حفاظت سے بڑھ کر کوئی ذمہ داری نہیں ہے اور ہمیں مقدمے کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔ہماری ہمدردیاں مدعی خاندان کے ساتھ ہیں، لیکن کمپنی سمجھتی ہے کہ کاسمیٹک پاؤڈر کے محفوظ ہونے کے ثبوت کئی دہائیوں سے موجود ہیں۔یہ پہلی بار ہے کہ تین ہفتے زیر سماعت رہنے والے اِس مقدمے کے آخر میں امریکی عدالت کی جانب سے پاؤڈر سے ہونے والے مبینہ نقصان کے ازالہ کی ہدایت کی گئی ہے۔اِس حوالے سے ملک بھر میں تقریباً ایک ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں اور وکلا کا کہنا ہے کہ اب ہزاروں مزید مقدمات درج ہوسکتے ہیں۔یاد رہے کہ جانسن اینڈ جانسن کمپنی کے دفاتر اور ورکشاپس تقریباً دنیا کے ہر ملک میں موجود ہیں۔