اسٹریٹ وینڈر پالیسی کا کمشنر جی ایچ ایم سی کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد۔ 3اکٹوبر(سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی حدود میں اسٹریٹ وینڈر پالیسی پر عمل آوری کا آغا ز عمل میں آچکا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن نے آج گاندھی جینتی کے موقع پر ٹھیلہ بنڈی رانوں کیلئے بلدی حدود میں شروع کردہ پالیسی کا افتتاح انجام دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ نے تجرباتی اساس پر بلدی حدود کے تمام 18سرکلس میں اس پالیسی کو قابل عمل بنانے کا آغاز کیا ہے اور مستقبل میں اس پالیسی کے تحت ان بلدی سرکلس کے علاوہ دیگر علاقوں تک پالیسی کو وسعت دی جائے گی اور ٹریفک قوانین کو نظر میں رکھتے ہوئے اسٹریٹ وینڈر پالیسی کو قابل عمل بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ مرکزی حکومت کے قوانین کے مطابق تیار کردہ اس پالیسی کو روشناس کروانے کے ساتھ ساتھ ٹھیلہ بنڈی رانوں کو خصوصی تربیت بھی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان میں موجود صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ٹھیلہ بنڈی رانوں کو قانون میں فراہم کردہ ان حقوق کے مطابق وہ کسی بھی مقام پر ٹھیلہ بنڈی پر گھوم کر تجارت کے مجاز ہیں لیکن اس سلسلہ میں شہری انتظامیہ و بلدیہ کو اس بات کی ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ ان کے لئے مخصوص مقامات کی نشاندہی کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک میں خلل پیدا نہ ہونے پائے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں ہر سرکل کے ایک محلہ کا انتخاب کرتے ہوئے شروع کی گئی اس اسٹریٹ وینڈنگ پالیسی کے لئے سرکل واری اساس پر علحدہ کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے تاکہ ان کے مسائل کے حل اور ان کی نشاندہی کے عمل کو بہتربنایا جا سکے۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں 20فیصد سرکاری عہدیدار‘ 40فیصد ٹھیلہ بنڈی رانوں کے نمائندے (30فیصدخواتین) کے علاوہ 20فیصد کمیونیٹی آرگنائزیشن و 20فیصد سیول سوسائٹی کے ذمہ دار شامل ہیں اور اسی طرز پر قانون کے مطابق مزید کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔بتایا جاتا ہے کہ اب تک کئے گئے سروے کے دوران دونوں شہروں میں 5782ٹھیلہ بنڈی رانوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان میں زائد از 2000ٹھیلہ بنڈی رانوں کو تلنگانہ اسٹیٹ میپما کے ذریعہ تربیت فراہم کی جائے گی۔بلدی حدود کے تمام سرکلس شروع کی جانے والی اس اسکیم کے متعلق اسسٹنٹ سٹی پلانرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے علاقوں میں مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی صدر دفتر کو رپورٹ پیش کریں۔