ٹکٹوں سے محرومی ‘ ٹی آر ایس میں اختلافات اور برہمی عروج پر

ڈی سرینواس ‘ کونڈا سریکھا ‘ رمیش راتھوڑ کا کانگریس سے ربط ‘بی جے پی کے نندیشور گوڑ بھی کانگریس میں شامل ہونگے

حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ٹکٹوں سے محرومی کے بعد اچانک ٹی آر ایس میں اختلافات اور گروپ بندیاں منظر عام پر آگئی ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے کئی قائدین کانگریس سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ ڈی سرینواس ، بھوپتی ریڈی ، کونڈا سریکھا کونڈا مرلی سابق رکن پارلیمنٹ رمیش راتھوڑ کے علاوہ دوسرے قائدین کانگریس سے رابطے میں آگئے ۔ جب کہ بی جے پی کے قائد سابق رکن اسمبلی نندیشور گوڑ نے بی جے پی سے مستعفی ہو کر آج کانگریس قائدین سے ملاقات کی ۔ دوسری طرف ٹی آر ایس ٹکٹ سے محروم سابق رکن اسمبلی بابو موہن بی جے پی سے رابطہ میں آگئے ہیں ۔ اسمبلی تحلیل کرنے اور قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار ہونے تک سب کچھ کے سی آر کے کنٹرول میں تھا ۔ لیکن ٹی آر ایس کے 105 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کے بعد پارٹی میں اختلافات اور گروپ بندیوں کے ساتھ ناراضگیاں نقطہ عروج پر پہونچ گئی ہیں ۔ سب سے پہلے ٹی آر ایس قیادت کے خلاف کھلا مکتوب روانہ کرکے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس نے بغاوت کی تو امیدواروں کی پہلی فہرست میں نام شامل نہ رہنے پر ضلع ورنگل کی ٹی آر ایس کی سابق رکن اسمبلی کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کونڈا مرلی نے ڈی سرینواس کی لگائی آگ پر پٹرول چھڑکتے ہوئے اس کو مزید بھڑکا دیا ۔ اس کے بعد ناراضگی اور بغاوت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ٹی آر ایس کارپوریٹرس نے ایک اجلاس طلب کرکے تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں شامل رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کو دوبارہ ٹکٹ پر پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کیا اور فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر الگ حکمت عملی تیار کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں آئے سابق ایم پی رمیش راتھوڑ کو نگرانکار چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ خانہ پور سے پارٹی ٹکٹ کا وعدہ کیا تھا ۔ موجودہ رکن اسمبلی کو ٹکٹ دینے پر رمیش راتھوڑ ناراض ہوگئے ۔ خانہ پور حلقہ سے خود اور حلقہ عادل آباد سے اپنے فرزند کو بحیثیت آزاد امیدوار بنانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کانگریس اور بی جے پی دونوں جماعتوں سے ٹکٹ کی پیشکش ہورہی ہے مگر وہ اپنے حامیوں سے تبادلہ خیال کے بعد اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نظام آباد سے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس اور ٹی ار ایس ایم ایل سی بھوپتی ریڈی کانگریس سے رابطے میں ہیں اور دونوں کسی بھی وقت کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ کانگریس سے بی جے پی میں شامل سابق رکن اسمبلی نندیشور گوڑ نے آج کانگریس کے اہم قائدین آر سی کنٹیا ، اتم کمار ریڈی ، محمد علی شبیر اور جانا ریڈی سے ملاقات کی ۔ اسمبلی حلقہ پٹن چیرو سے کانگریس ٹکٹ کا تیقن ملنے کے بعد شام میں بی جے پی سے مستعفی ہوگئے ۔ اس طرح اسمبلی حلقہ اندول سے ٹکٹ سے محروم ہونے ٹی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی بابو موہن بی جے پی سے رابطے میں ہیں ۔