کانگریس کا ہنگامی اجلاس ۔ سکریٹری پردیش کانگریس عظمت اللہ حسینی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید عظمت اللہ حسینی نے مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے انتخابی ٹکٹوں اور عہدوں کی تقسیم میں مسلم قائدین سے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں منعقدہ کانگریس کے ایمرجنسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک اے آئی سی سی کے انچارج سکریٹریز سلیم احمد ، بوس راجو ، سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا رکن اسمبلی ریونت ریڈی ، جنرل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین ، عظمیٰ شاکر کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ تلنگانہ کے 40 تا 45 اسمبلی حلقوں پر مسلمانوں کا فیصلہ کن موقف ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے 12 فیصد مسلم تحفظات کے علاوہ مسلمانوں سے کئے جھوٹے وعدے کئے جس پر عمل آوری نہ ہونے سے مسلمان ٹی آر ایس حکومت سے ناراض ہیں اور امید بھری نظروں سے کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ کانگریس کی ذمہ داری ہے مسلمانوں کو گلے لگائے ان کے جذبات کی قدر کریں اور انتخابی منشور کے ذریعہ پرکشش وعدے کریں ۔ تنظیمی عہدوں اور انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم میں مسلمانوں سے انصاف کریں ۔ سید عظمت اللہ نے کہا کہ جب بھی ٹکٹوں کی تقسیم کا مسئلہ آتا ہے ۔ مسلمانوں سے انصاف نہ کرنے کی کانگریس پارٹی میں عام شکایت ہے اگر مسلمانوں کے علاوہ دوسرے پسماندہ طبقات کے امیدوار مالی طور پر کمزور ہیں تو پارٹی قیادت سماجی انصاف کے لیے نہ صرف انہیں ٹکٹ دیں بلکہ مالی طور پر مدد کرتے ہوئے ایسے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری بھی قبول کریں کانگریس سیکولرازم کا ایک گلدستہ ہے پارٹی کے قائدین اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے متحدہ کام کریں تو کوئی طاقت کانگریس کو شکست نہیں دے سکتی ۔