ٹکٹس تقسیم میں شہیدوں کے اہل خانہ و مسلمانوں کو ترجیح

نئی ریاست کا 2 جون کو قیام ۔ دلت کو تلنگانہ چیف منسٹر بنایا جاسکتا ہے ۔ جئے رام رمیش

کریمنگر 10 مارچ ( پی ٹی آئی ) سینئر کانگریس لیڈر و مرکزی وزیر مسٹر جئے رام رمیش نے آج کہا کہ مجوزہ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت تلنگانہ کے شہیدوں کے خاندانوں اور مسلمانوں کو ترجیح دی جائے گی ۔ مسٹر رمیش نے اعلان کیا کہ اگر سب کچھ توقعات کے مطابق رہا تو کسی دلت قائد کو نئی ریاست تلنگانہ کا چیف منسٹر بنایا جائیگا۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور کہا کہ ایک دلت کو چیف منسٹر بنایا جاسکتا ہے ۔ کسی دلت کو چیف منسٹر بنانا کانگریس پارٹی کے ہی بس کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ریاست کی تشکیل کسی کاز کیلئے احتجاج کرنے جتنی آسان نہیں ہے ۔ یہ ایک مشکل کام تھا جسے کانگریس پارٹی نے انجام دیا ہے ۔ مجوزہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر جئے رام رمیش نے کہا کہ جن افراد نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے جانیں قربان کردی ہیں ان کے افراد خاندان اور مسلمانوں کو ٹکٹوں کی تقسیم میں ترجیح دی جائے گی ۔

اسی طرح کی حکمت عملی کانگریس نے کرناٹک میں اختیار کی تھی ۔ سابق چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرن کمار کو ایک اسمبلی اسپیکر سے راست چیف منسٹر بنایا گیا تھا حالانکہ انہیں کسی وزارت کا تجربہ نہیں تھا اس کے باوجود انہوں نے کانگریس پارٹی سے دھوکہ کیا ہے ۔ کانگریس اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے مابین اتحاد کے امکان سے متعلق وسال پر انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سے اتحاد کا مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوگیا ہے اور ہائی کمان اس مسئلہ کا جائزہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آزادانہ مقابلہ کریگی ۔ تلنگانہ میں ہمیں عوام کی تائید حاصل ہے اور یہ دوڑ ہم جیتیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی تلنگانہ ریاست کی ماتا ( ماں ) نہیں بلکہ نرماتا ( تخلیق کنندہ ) ہیں۔ مسٹر رمیش نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ 2 جون کو علیحدہ تلنگانہ ریاست وجود میں آ جائیگی ۔ وزارت داخلہ پہلے ہی ایسا اشارہ دے چکی ہے ۔