ٹکساس کے کیمیکل پلانٹ میں دھماکہ، 4 افراد ہلاک

ہوسٹن۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ کم از کم 4 کارکن ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا جب کہ امریکی ریاست ٹکساس کے ایک صنعتی پلانٹ میں تباہ کن کیمیائی مادّے کے خارج ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔ یہ واقعہ لاپورٹ کے علاقہ میں جو ہوسٹن کے مشرقی مضافات میں واقع ہے، پیش آیا۔ فوری طور پر حقیقی جانی و مالی نقصان کے بارے میں تفصیلات حاصل نہیں ہوسکیں۔ پلانٹ کے منیجر رینڈل کلیمنٹس نے مہلوکین کے ورثاء، ان کے ساتھی کارکنوں اور پلانٹ کے ملازمین سے اظہار تعزیت کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم ان تمام سے قریبی ربط رکھے ہوئے ہیں اور انھیں فوری طور پر ضروری امداد فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس پلانٹ میں قدرتی گیس تیار کی جاتی تھی جو گندے انڈوں کی بُو رکھتی ہے۔ مبینہ طور پر اسی گیس کا اخراج ہوا تھا اور اس کی مخصوص بُو کی وجہ سے اس کا فوراً ہی پتہ چل گیا۔