مجرمین کی گرفتاری اور لڑکی کی بحفاظت واپسی پر اظہار مسرت : عثمان الہاجری
حیدرآباد 25 جون (راست) گزشتہ ہفتے محبوب کالونی کاروان سے اغوا کی گئی 8 سالہ معصوم لڑکی کو پولیس ٹپہ چبوترہ نے بحفاظت اغوا کنندگان کے چنگل سے آزاد کروالیا۔ جناب سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی اور جناب عثمان بن محمد الہاجری اور دیگر عوامی تنظیموں کی جانب سے ایڈیشنل کمشنر پولیس لاء اینڈ آرڈر جناب وی وی سرینواس اور سرکل انسپکٹر پولیس ٹپہ چبوترہ ، ڈیٹکٹیو انسپکٹر مسٹر چندرا شیکھر، سب انسپکٹر مسٹر کونڈل اور اس کامیاب کارروائی میں شریک تمام عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔ رقیہ بنت محمد بن ابوبکر کو 17 جون کو رات 9 بجے کے قریب محبوب کالونی کاروان سے چاکلیٹ دلانے کے بہانے اغوا کرکے بنگلور فرار ہوچکے تھے۔ ٹپہ چبوترہ پولیس کی اس کامیابی پر جناب سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی اور جناب عثمان الہاجری کے علاوہ جناب مقبول بن عبداللہ الہاجری، جناب محمد مجیب الدین صدر پیس اینڈ ہیومانیٹی، جناب محمد ذاکر اہلیان محلہ کاروان نے کمشنر پولیس، ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور، اے سی پی آصف نگر مسٹر غوث محی الدین، انسپکٹر پولیس ٹپہ چبوترہ مسٹر سی ایچ چندرشیکھر، ڈیٹکٹیو انسپکٹر مسٹر جی چندراشیکھر، سب انسپکٹر مسٹر کونڈل اور ان کی ٹیم سے اظہار تشکر کیا۔ لڑکی کی بحفاظت واپسی کی اطلاع ملتے ہی عوام کی کثیر تعداد عثمان الہاجری کے مکان پہنچ کر رقیہ سے ملاقات کی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہوئے اور عوام میں شیرینی تقسیم کی اور شہرحیدرآباد میں تشویش میں مبتلا والدین اور سرپرستوں نے مجرمین کی گرفتاری اور لڑکی کی واپسی پر بیحد خوشی کا اظہار کیا۔