دفتر آر ٹی اے خیریت میں جائزہ اجلاس ، وزیر ٹرانسپورٹ ایم مہیندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 24 ۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ ایم مہیندر ریڈی نے کہا کہ ٹو وہیلر سواروں کو ہیلمٹ کا استعمال کرنا چاہئے اور یہ موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت لازمی ہے۔ انہوں نے آج خیریت آباد کے آر ٹی اے دفتر میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں آر ٹی اے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ ہیلمٹ کے استعمال سے نہ صرف حادثات بلکہ اموات کی شرح میں کمی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ غیر قانونی طور پر چلنے والی خانگی بسوں کو روکنے کیلئے دیگر محکمہ جات سے تال میل کے ساتھ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بسوں کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ محکمہ کے 2000 کروڑ آمدنی کے نشانہ کو بڑھاکر 18000 کروڑ کیا جائے گا۔ ریاست میں کئی نئے چیک پوسٹ قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی اے کی نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ شہر اور اضلاع میں جہاں بھی ضروری ہو آر ٹی اے کی نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی ۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ بہت جلد اس کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ ریاست کے 95 بس ڈپو میں بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی آن لائین سرویسس کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے منظوری حاصل کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔