ٹوکیو ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے دارالخلافہ ٹوکیو میں شدید طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے جھکڑوں کی وجہ سے زائد از 400 پروازوں کو روک دیا گیا جبکہ زمین کھسکنے کے واقعات اور سیلاب کی وارننگ بھی آفیسرس کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 بجے طوفان مینڈیول نے تاتے یاما شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جو ٹوکیو سے 80 کیلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ طوفان نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور ہوائیں 180 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے لگیں جبکہ شمال کی جانب چلنے والی تیز ہوائیں 20 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہی تھیں۔ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے ٹوکیو میں زمین کھسکنے کے واقعات، نشیبی علاقوں کے زیرآب آجانے، دریاؤں میں طغیانی اور تیز ہواؤں کے جھکڑوں کے علاوہ سمندری موجوں کے انتہائی بلند ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔