ٹوکیو میں شدید برفباری ، فضائی و ٹرین خدمات متاثر

ٹوکیو ۔ 8 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے دارالخلافہ ٹوکیو اور دیگر شہروں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سب سے زیادہ اثر طیاروں کی آمد و رفت پر ہوا ہے ۔ علاوہ ازیں ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے شدید برفانی طوفان کا انتباہ دیا ہے ۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق برفباری کی وجہ سے دو ہلاک اور 89افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ٹوکیو میں آج تک 1.6 انچ برفباری نوٹ کی گئی ہے ۔ ٹوکیو میں واقع دوکانات اور ریستورانوں کے سامنے جمی ہوئی برف کو ہٹانے کے لئے وہاں کے ملازمین انتہائی محنت کرتے ہوئے یہ کوشش کررہے ہیں کہ کسی طرح راستہ صاف ہوجائے۔ ٹیلیویژن فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سینکڑوں مسافرین جاپان کے نانیڈا ایرپورٹ پر لمبی لمبی قطاروں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف طیرانگاہوں پر فلائیٹس کی آمد اور روانگی کی اطلاع دینے والے انڈیکٹیر زیادہ تر پروازوں کی منسوخی کو ڈسپلے کررہے ہیں ۔