ٹولی چوکی کے سینکڑوں افراد کی وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت

جناب عامر علی خاں قائد وائی ایس آر سی پی سکندرآباد حلقہ پارلیمنٹ سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ٹولی چوکی علاقہ کے تاجر پیشہ اور سماجی فکر رکھنے والے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے آج جناب عامر علی خاں قائد وائی ایس آر سی پی سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اپنے حلقہ اور علاقوں میں سماجی خدمات انجام دینے والے ان شہریوں نے ایک سیاسی پلیٹ فارم سے خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے ان شہریوں کا جن کی صدارت سید شجاعت علی کررہے تھے ۔ پارٹی میں استقبال کیا اور انہیں عوامی خدمات میں خصوصی دلچسپی اور سرگرم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کی راہ ہموار کرلیں اور اس ماحول میں مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ سیاسی پلیٹ فارم سے اپنی طاقت کو منوالیں اور اپنے مستقبل کے لیے خود منصوبہ تیار کرلیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جذبات اور جذباتی نعروں کے بجائے عقل اور ہوش مندی سے کام لیتے ہوئے اپنے دستوری حق کا استعمال کریں ۔ اس موقع پر سید شجاعت نے کہا کہ انہوں نے جناب عامر علی خاں کی شخصیت سے متاثر ہو کر پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ابھی تک سیاست سے دور تھے اور روزنامہ سیاست کی خدمات اور جناب عامر علی خاں کی شخصیت سے متاثر ہو کر انہوں نے عامر علی خاں کی قیادت میں سیاست کے ذریعہ عوامی خدمات کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ وہ جوبلی ہلز حلقہ میں پارٹی کے لیے سرگرمی سے خدمات انجام دیں گے ۔ اس موقع پر سید یوسف علی ، رفیق پٹیل ، مرزا ، محمد فہیم ، محمد اختر ، محمد شاہد خاں ، محمد قمر ، سید فیض ، محمد توصیف ، محمد خرم ، محمد عثمان ، محمد اعجاز ، محمد آصف و دیگر موجود تھے ۔۔