ٹولی مسجد کی وقف اراضی پر ناجائز تعمیرات کو مسدود کرنے کا مطالبہ

مخدوم بھون میں سابق رکن راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 14 نومبر ( سیاست نیوز ) سینئر کمیونسٹ قائدوسابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے ٹولی مسجد کی وقف اراضی پر دن دھاڑے تعمیری سرگرمیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔آج یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر مخدوم بھون میں تنظیم انصاف اور دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹریبونل اور ہائی کورٹ ڈائرکشن کے باوجود مبینہ طور پر ٹولی مسجد کی ایک ایکڑ وقف اراضی پر دن رات تعمیری سرگرمیاں جاری ہیں انہوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وقف اراضیات پر تعمیری سرگرمیوں کے متعلق شکایت پر متعلقہ حکام کو تعمیری سرگرمیوں کو روکنے اور تعمیر کو منہدم کرنے کے علاوہ تعمیری سرگرمیاں انجام دینے والے لینڈ گرابرس کو غیر مشروط دو سال قید کی سزا کا سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا ہے باوجود اسکے لینڈ گرابرس مذکورہ مقام پر دھڑلے کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ پولیس عملے کے رویہ پر بھی افسوس ظاہر کیا او رکہاکہ متعلقہ انسپکٹر وقف بورڈ کے احکامات پر عمل کرنے کے بجائے لینڈگرابرس کے موکل کی حیثیت سے وقف بورڈ میں پیر وی کررہے ہیں۔ اس ضمن میں تنظیم انصاف اور دکن وقف پروٹکشن کا ایک وفد کلکٹر حیدرآباد سے ہفتے کے روزملاقات کریگا اور پیر کے دن اندرا پارک دھرنا چوک پر زنجیری بھوک ہڑتال کی جائے گی ۔ اس موقع پر دکن وقف پروٹکشن سوسائٹی کے صدر عثمان بن محمد الہاجری‘ تنظیم انصاف صدر میر احمد علی ‘ جنرل سکریٹری منیر پٹیل‘ سکریٹری سید کلیم‘ مقبول الہاجری او ردیگر موجود تھے۔