ٹوئیٹر، بی جے پی اور کانگریس کیلئے کھیل کا میدان بن گیا

عالمی بینک کی رپورٹ پر دلچسپ نوک جھونک ،راہول کا اردو ٹوئیٹر، جیٹلی کا طنزیہ جواب

نئی دہلی ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں تجارت کے بارے میں ورلڈ بینک رپورٹ کی اجرائی کے بعد کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ٹوئیٹر پھر ایک مرتبہ کھیل کا میدان بن گیا ہے جہاں دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔جی ایس ٹی اور نوٹوں کی تنسیخ سے آسان کاروبار تباہ ہوگیا۔ ٹوئیٹر کا سہارا لیتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے غالب کا شعر لکھا اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ارون جیٹلی نے ان کے خلاف چند تلخ اور طنزیہ الفاظ کا استعمال کیا۔ راہول گاندھی نے اردو میں ایک ٹوئیٹ کیا، جس میں غالب کے مشہور زمانہ شعر جیسے ایک شعر کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی وزیرفینانس کو طنزو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ارون جیٹلی اس رپورٹ سے اپنا دل بہلا رہے ہیں۔ عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ہندوستان میں تجارت کے قواعد میں آسانی ہوئی ہے۔ ارون جیٹلی نے اس رپورٹ پر بی جے پی حکومت کو کریڈٹ دیا، لیکن راہول نے طنز کرتے ہوئے یہ اردو شعر لکھا :
سب کو معلوم ہے ’بزنس میں آسانی‘ کی حقیقت لیکن
خود کو خوش رکھنے کیلئے ڈاکٹر جیٹلی یہ خیال اچھا ہے
ٹوئیٹر پر راہول کے اس طنز پر جوابی وار کرتے ہوئے جیٹلی نے یہ ٹوئیٹ این ڈی اے نے ’’رشوت میں آسانی کو بزنس میں آسانی سے تبدیل کردیا‘‘۔ وزیرفینانس نے کہا کہ ’’یو پی اے اور این ڈی اے میں فرق یہ ہیکہ اس (این ڈی اے) نے رشوت میں سہولت کو بزنس میں سہولت سے تبدیل کیا۔ عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہیکہ محصول اندازی، لائسنس راج، سرمایہ کاری میں تحفظ اور دیوالیہ کی یکسوئی جیسے امور اصلاحات کے سبب بزنس کی سہولت کے اعتبار سے ہندوستان گذشتہ سال کی فہرست میں 130 ویں مقام سے اس سال 100 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔