نئی دہلی 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سوشل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم ٹوئٹر نے اِن دنوں اپنے پاس سے مشکوک اکاؤنٹس کو حذف کردینے کی مہم شروع کر رکھی ہے جس کے نتیجہ میں ہندوستان میں کئی سرکردہ قائدین جیسے وزیراعظم نریندر مودی، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، وزیر خارجہ سشما سوراج، کانگریس لیڈر ششی تھرور کے ٹوئٹس کو دیکھنے والے فالوورز کی تعداد میں ہزاروں کی کمی
ہوگئی ہے۔
مودی کے فالوورز میں کئی لاکھ کی کمی ہوئی جبکہ سشما سوراج مائیکرو بلاگنگ سائیٹ ٹوئٹر پر زائداز 74 ہزار فالوورز سے محروم ہوگئی ہیں۔ اسی طرح اروند کجریوال کے فالوورز میں آج تقریباً 92 ہزار کی کمی ہوئی۔ ٹوئٹر نے فرضی اور آٹومیٹیڈ اکاؤنٹس کے خلاف مہم میں شدت پیدا کردی ہے اور خصوصیت سے مشکوک اکاؤنٹس کو بھی حذف کردیا ہے۔ شاہ رُخ خان اور سچن تنڈولکر بھی ترتیب وار 3 لاکھ 50 ہزار اور 2 لاکھ 50 ہزار فالوورز سے محروم ہوچکے ہیں۔