ٹلرسن کا دورہ، چین کو قابو میں رکھنے کی مساعی کا حصہ : سی پی ایم

نئی دہلی 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دورہ ہندوستان پر تنقید کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) نے آج الزام عائد کیاکہ اِس کا مقصد ہندوستان کو استعمال کرتے ہوئے چین اور ایران کے تعلق سے امریکہ کے مقاصد کی تکمیل کرنا ہے۔ سی پی ایم نے پاکستان پر اپنے ملک سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے دباؤ ڈالنے کے تعلق سے ٹلرسن کے تیقنات پر شبہات بھی ظاہر کئے۔ سابق سی پی آئی (ایم) جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے پارٹی کی اشاعت ’’پیپلز ڈیموکریسی‘‘ کے آنے والے شمارہ کے اداریہ میں کہا ہے کہ ٹلرسن کا دورہ امریکہ کی چال کا ایک حصہ ہے کہ ہندوستان کو پوری طرح ملٹری اتحاد میں جھونک دیا جائے جو ہند ۔ بحرالکاہل خطہ میں کام کرے گا۔ کرت نے نشاندہی کی کہ اپنے دورۂ ہند سے قبل ٹلرسن نے واشنگٹن میں ایک موقع پر کہا تھا کہ امریکہ اور ہندوستان کلیدی شراکت داری کے معاملہ میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔چنانچہ امریکہ اپنے مفاد کی تکمیل کیلئے ہندوستان کو استعمال کررہا ہے۔

شعبہ سیاحت کو سب نے نظرانداز کیا، ششی تھرور کا دعویٰ
نئی دہلی 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سابقہ یو پی اے حکومت کو خود اُس کے ایک لیڈر نے نشانہ بنایا جو اور نہیں بلکہ ایم پی ششی تھرور ہیں۔ سابق مرکزی وزیر کا ماننا ہے کہ اُن کی سابقہ حکومت اور نریندر مودی زیرقیادت موجودہ حکومت نے بھی سیاحت کے اہم ترین شعبے کو نظرانداز کیا ہے۔ کیرالا کے رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ ہندوستان انفراسٹرکچر کے فروغ کے معاملہ میں معقول سرمایہ مشغول نہیں کررہا ہے جو سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے درکار ہے۔ وہ ایک پیانل مباحثے میں شریک تھے جہاں کے دیگر مقررین میں پرنسپل اکنامک اڈوائزر سنجیو سانیال اور مصنف گرچرن داس شامل ہیں۔ تھرور نے دعویٰ کیاکہ ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری اِس زبردست شعبے کو ہندوستان کے لئے نہایت فائدہ بخش شعبہ بنادے گی۔