ٹریکٹر ٹرالی رکاوٹ سے ٹکرا گئی، پارلیمنٹ کی عمارت میں ہلچل

نئی دہلی 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ٹریکٹر ٹرالی حادثاتی طور پر ایوان پارلیمنٹ کے احاطہ میں رکاوٹ سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے پارلیمنٹ میں ہلچل مچ گئی۔ محکمہ باغبانی کی ٹرالی ٹرانسپورٹ بھون کے روبرو پارلیمنٹ کے باب الداخلہ کے پاس کھڑی کی ہوئی رکاوٹ سے ٹکرا گئی جبکہ اسے موڑا جارہا تھا۔ صیانتی طریقہ کار کے مطابق پارلیمنٹ ڈیوٹی گروپ کے سی آر پی ایف کی بکتر بند گاڑیوں نے یہ رکاوٹیں کھڑا کی تھیں۔ تعینات چوکیداروں نے اپنے خودکار اسلحہ اُٹھالئے اور چند ہی منٹ میں مورچے سنبھال لئے تاکہ جوابی کارروائی کی جاسکے۔ اِس حادثہ کے وقت وزیراعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کے احاطہ میں موجود نہیں تھے چنانچہ پریشانی میں مزید اضافہ نہیں ہوا۔