نمائندگیوں کے باوجود پہرہ کا انتظام نہیں کیا گیا : وزیر داخلہ
میدک 24 جولائی ( پی ٹی آئی ) حکومت لتنگانہ نے میدک ضلع میں ماسائی پیٹ کے مقام پر پیش آ:ے ٹرین ۔ بس حادثہ کیلئے ریلوے کو ذمہ دار قرار دیا ہے اور الزام عائد کیا کہ بارہا درخواست کے باوجود ریلوے کی جانب سے بے پہرہ ریلوے کراسنگ پر گیٹ نصب کرنے کے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ ایک خانگی دواخانہ میں شریک زخمیوں کی عیادت کیلئے پہونچے وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس لاپرواہی کیلئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عملہ کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گاؤوں والوں کی جانب سے ریلوے سے مسلسل نمائندگی کی جا رہی تھی کہ اس کراسنگ پر گیٹ نصب کرکے متعلقہ عملہ بھی متعین کیا جائے ۔ اس سلسلہ میں کئی یادداشتیں بھی پیش کی گئیں لیکن کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل مینیجر اور دوسرے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے کی شدید لاپرواہی کے نتیجہ میں کئی قیمتی انسانی جانیں تلف ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے یہاں گیٹ نصب کرنے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ریاست کے وزْر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بھی اسی طرح کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے مقام حادثہ کا دورہ کیا اور کہا کہ اس ریلوے کراسنگ پر پہرہ کا انتظام کیا جانا چاہئے ۔