ٹرین مسافرین کی ویڈیو گرافی کا منصوبہ

نئی دہلی 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ریلویز نے سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کرتے ہوئے بعض حساس روٹس پر مسافرین ٹرین میں سوار ہوتے وقت اُن کی ویڈیو گرافی کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس کے علاوہ کمانڈو ٹریننگ سنٹر بھی قائم کیا جائے گا جہاں ٹرینوں میں تعینات کئے جانے والے آر پی ایف عملہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔ اِس وقت ماؤسٹوں سے متاثرہ علاقوں میں آر پی ایف کو تعینات کیا جارہا ہے۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے آج آر پی ایف پریڈ تقریب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری کوشش یہ ہے کہ تمام حساس ٹرینوں میں سکیورٹی اسٹاف فراہم کیا جائے۔ ہم نے بعض منتخبہ ٹرینوں میں تمام پاسنجرس کی ویڈیو گرافی کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ ہمیں یہ پتہ چل سکے کہ آخر اِن ٹرینوں میں سفر کرنے والے کون ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے ٹرین کے کوچیس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مسافرین بالخصوص خواتین کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے اور بہت جلد علیحدہ مہیلا واہنی تشکیل دی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس وقت آر پی ایف میں 1400 خواتین کا عملہ ہے اور عنقریب مزید ایک ہزار خاتون امیدواروں کو شامل کیا جائے گا۔ خاتون آر پی ایف عملہ کے لئے علیحدہ بیارکس کی تعمیر کے مقصد سے 48 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ آر پی ایف اپنی خاتون ونگ کے لئے 12 بیاریکس تعمیر کرے گا۔ آر پی ایف کے رول کی ستائش کرتے ہوئے سریش پربھو نے کہاکہ مسافرین کا تحفظ اور اُن کی سکیورٹی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ آر پی ایف اور جی آر پی یہ کام بہتر طور پر انجام دے رہے ہیں۔ آر پی ایف کو بااختیار بنانے کی تجویز کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ اِس کے لئے قانون میں ترمیم کی ضرورت ہوگی۔ اِس کے علاوہ ایسی کسی تبدیلی کے لئے ریاستوں کا تعاون بھی درکار ہوگا۔ ہم نے تمام ریاستوں کو اِس ضمن میں مکتوب لکھا ہے اور اُن کے تعاون سے یہ کام کیا جاسکتا ہے۔ سکیورٹی کو مستحکم بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں سریش پربھو نے کہاکہ خاتون مسافرین کے لئے ایک اپلی کیشن تیار کیا جارہا ہے اور یہ پہلے ہی سے بعض مقامات پر قابل کارکرد ہے۔ تحقیقات کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے مقصد سے ہم نے تمام ریاستوں کو مکتوبات روانہ کئے ہیں کہ فارنسک لیباریٹریز کو باہم مربوط کیا جائے۔