ٹرین حادثہ میں طلبہ کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار

مہلوکین کو فی کس دس لاکھ ایکس گریشیا کا مطالبہ، جگن موہن ریڈی کا دورہ
حیدرآباد /24 جولائی (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی نے ٹرین حادثہ میں 20 طلبہ کی ہلاکت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے اور تلنگانہ حکومت سے کراسنگ پر گیٹ لگانے اور ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کو فی کس دس لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جگن موہن ریڈی نے حادثہ کے مقام پر پہنچ کر متاثرین کے ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ گاؤں والوں نے تین مرتبہ احتجاجی دھرنا منظم کیا، تاہم ریلوے نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ اب کسی پر الزام عائد کرنے کا وقت نہیں ہے، تاہم مستقبل میں ایسے حادثات دوبارہ رونما نہ ہو، اس کی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے، لہذا محکمہ ریلوے فوری گیٹ کا انتظام کرے یا ریاستی حکومت اپنی جانب سے گیٹ لگائے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ایسے کئی کراسنگ ہیں، جہاں خطرات لاحق ہیں، لہذا تلنگانہ اور آندھرا کے چیف منسٹرس کو اس مسئلہ پر غور کرنا چاہئے اور مشترکہ طورپر محکمہ ریلوے پر دباؤ ڈالیں۔ انھوں نے بتایا کہ جائے حادثہ کا منظر دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے، جہاں کمسن بچوں کی کتابیں بکھری پڑی تھیں۔ ان بچوں کا روشن مستقبل شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے مہلوکین کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا منظور کیا ہے، جو ناکافی ہے، لہذا کم از کم فی کس دس لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے اور مزید ایکس گریشیا کے لئے مرکز پر دباؤ ڈالا جائے۔ علاوہ ازیں مستقبل میں اس طرح کے حادثات کو ٹالنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔