وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے سریش پربھو کی نمائندگی
نئی دہلی ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حالیہ ٹرین حادثات میں سبوتاج کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے وزیر ریلوے سریش پربھو نے آج وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹرینوں کی پٹریوں سے اترجانے کے واقعات کی نیشنل انویسٹگیشن ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کی گزارش کی ہے ۔ وزیر داخلہ کو موسومہ ایک مکتوب میں سریش پربھو نے حال یہ پیش آئے 6 حادثات میں بیرونی عناصر کے ملوث ہونے کے امکانات کی این آئی اے کے ذریعہ تحقیقات کی درخواست کی ہے ۔ انہوں نے مکتوب میں حا لیہ پیش آئے ٹرین حادثات آندھراپردیش میں کونیرو اسٹیشن کے قریب ہیراکھنڈ اکسپریس کے پڑی سے اترجانے کو راپٹ۔ کرنڈال سیکشن پر جاریہ ماہ کے اوائل میں دو مال گا ڑیوں کے پٹریوں سے پھسل جانے اور گھوداش اسٹیشن پر ایک کو کرلم کی دستیابی، یکم جنوری کو کانپور کے قریب ریلوے پٹریوں میں گہرے دراڑیں پائے جانے ، بیرونی ، سمتی پور اسٹیشن کے درمیان ایک ریلوے برج پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا تذکرہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانپور میں انڈور۔پٹنہ اکسپریس کے حادثہ میں 150 مسافرین ہلاک ہوئے اور بہار پولیس نے تحقیقات میں اس سازش کا پتہ چلایا کہ بعض افراد ، ٹرین حادثات کیلئے پٹریوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ممکن ہے کہ کانپور کے قریب پیش آئے حادثہ میں ان لوگوں کی کارستانی ہے ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ عوام دشمن عناصر کے گھناؤنے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سخت چوکسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے جوکہ ریلوے نظام کو درہم برہم کرنے کی کوشش میں ہیں۔