ٹرینوں میں خواتین کی سکیورٹی کیلئے علیحدہ آر پی ایف ونگ

نئی دہلی 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریلوے کی جانب سے ریلوے پروٹیکشن فورس نے ایک علیحدہ ویمنس ونگ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ٹرینوں میں خاتون مسافروں کی سلامتی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے بھٹنڈا کے لئے نئی شتابدی اکسپریس کو جھنڈی دکھانے کے بعد کہاکہ ٹرینوں میں خواتین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہم آر پی ایف میں مہیلا واہنی اسکواڈ تشکیل دے رہے ہیں۔ آر پی ایف میں فی الحال خاتون کانسٹبلوں کی تعداد بہت کم ہے۔ ریلوے کے منصوبہ کے مطابق آر پی ایف میں مزید 4 ہزار خاتون کانسٹبلوں کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ اِس تجویز کو وزارت فینانس کے پاس روانہ کیا گیا ہے۔ وزارت ریلوے کو عمومی طور پر مسافروں کو اور خصوصی طور پر خاتون مسافروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے میں دلچسپی ہے۔