نئی دہلی ۔ 8 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریل گاڑیوں میں خاتون مسافرین کی حفاظت کیلئے بہت جلد ریلوے پرڈکٹس فورس کے خصوصی خاتون دستے (ویمن بٹالین) کو شامل کرلیا جا ئے گا ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے آج لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ٹرینوں میں مسافرین کے حرکات و سکنات پر نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور وزارت ریلوے کی جانب سے Mobile app بھی روشناس کروائے جائیں گے تاکہ خاتون مسافرین ہراسانی کی صورت میں فی الفور شکایت درج کرواسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے بجٹ 2014-15 میں معلنہ منصوبہ کے مطابق مذہبی مقامات جیسے دیوی سرکیوٹ، چومرکنگ سرکیوٹ ، جین سرکیوٹ ، کرسچین سرکیوٹ ، مسلم / صوفی سرکیوٹ ، سکھ سرکیوٹ کیلئے خصوصی سیاحتی ٹرینیں چلانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن سے 25 اکتوبر 2014 سے 5 خصوصی سیاحتی ٹرینیں مذہبی مقامات تک چلاتی ہیں اور 12 جنوری 2015 تک مزید 5 ٹرینیں چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ سکھوں کے مذہبی مقامات کو مربوط کرتے ہوئے خصوصی سیاحتی ٹرینیں چلانے کیلئے حکومت تیار ہے ۔ بشرطیکہ حکومت پنجاب اس منصوبہ پر عمل آوری میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے تعاون سے ملک بھر میں سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش جشارہی ہے اور اس مقصد کیلئے سیاحتی مقامات کو ریل گاڑیوں کے نیٹ ورک سے مربوط کیا جائے گا لیکن یہ مسافرین کے استفادہ پر منحصر ہوگا۔