حیدرآباد ۔ /27 مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ایک پولیس کی گاڑی کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے کمشنر پولیس رچہ کونڈہ کو ہدایت جاری کی ۔ ایل بی نگر رنگ روڈ پر رانگ سائیڈ جانے والی پولیس کی گاڑی کو ایک شہری وینکٹ رمنا نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ کے ٹی آر کو آگاہ کروایا تھا اور بتایا کہ عام شہریوں کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بھاری چالانات کئے جاتے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔ ریاستی وزیر نے اُس میسیج کو فوری کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مسٹر مہیش بھاگوت کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس ضمن میں کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ رچہ کونڈہ کمشنر پولیس نے ٹوئیٹر کے ذریعہ مزید اطلاعات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ ماہ /23 مئی کو ایل بی نگر رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس گاڑی کے ڈرائیور رنگیا اور ہیڈکاسنٹبل بگا راملو کارروائی کی جائے گی ۔