ٹریبونل کلین دٹ سے میرا موقف واضح ہوگیا

سکنہ اراضی معاملت
سابق لیفٹننٹ جنرل پی کے رتھ کا بیان : وی کے سنگھ اپیل کے حامی
نئی دہلی 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق فوجی کمانڈر پی کے رتھ نے ‘ جنہیں سکنہ لینڈ اسکام میں مسلح افواج ٹریبونل کی جانب سے کلین چٹ دیدی گئی ہے آج کہا کہ اس فیصلے سے ان کا موقف درست ثابت ہوگیا ہے جبکہ سابق فوجی سربراہ جنرل وی کے سنگھ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی پیانل کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جانی چاہئے ۔ مسلح افواج ٹریبونل کی جانب سے کل لیفٹننٹ جنرل ( ریٹائرڈ ) پی کے رتھ کے کورٹ مارشل کو کالعدم قرار دیدیا تھا ۔ انہیں مغربی بنگال میں سکنہ کے مقام پر ایک اراضی معاملت کے سلسلہ میں کورٹ مارشل کیا گیا تھا ۔ مسٹر رتھ نے بتایا کہ اس معاملہ کی وجہ سے کئی برس سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ٹریبونل کے فیصلے سے ان کا موقف درست ثابت ہوگیا ہے ۔ اس کیس میں سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ کے رول کے تعلق سے استفسار پر انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح کے معاملات میںوہ کسی شخصیت کے خلاف ریمارک کرنا نہیں چاہتے لیکن اتنا ضرور کہیں گے کہ کسی کو بھی سینئر عہدیداروں کی جانب سے نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے اور فوج کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات پیش نہ آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء سے وہ کہتے رہے ہیں کہ انہوں نے اس میں کوئی غلط کام نہیں کیا ہے ۔ اس دوران سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ نے کہا کہ حکومت کو ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنا چاہئے کیونکہ کورٹ آف انکوائری میں تمام حقائق پیش کئے گئے تھے ۔