ٹرک میں لدا کوئلہ جھونپڑی میں گرنے سے 13 مزدور ہلاک

ڈھاکہ ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کوئلہ سے لدے ایک ٹرک کے الٹ جانے اور اینٹوں کی بھٹی میں کام کرنے والے مزدوروں کے جھونپڑے میں گھس جانے کے واقعہ میں کم و بیش 13 مزدور ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ جنوب مشرقی بنگلہ دیش میں جمعہ کے روز پیش آیا۔ ٹرک میں کوئلہ لدا ہوا تھا جو اینٹ بنانے والی قاضی اینڈ کمپنی کو سربراہ کیا جارہا تھا جو چودا گرام علاقہ میں واقع ہے۔ کمپنی نے اپنے ورکرس کیلئے قریب میں ایک جھونپڑی بنائی ہے جہاں وہ لوگ رہتے ہیں۔ کوئلہ کو ڈمپ کرنے کیلئے لاری ڈرائیور نے جب ٹرک کو پیچھے کی جانب ڈھکیلا تو لاری کا ڈمپنگ سیکشن کوئلہ کے ساتھ جھونپڑی پر جاگرا جس میں محوخواب مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ دو مزدور زخمی ہوئے ہیں جنہیں کومیلا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔