ہرارے ،4دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کے مغربی علاقے میں مسافر بردار ٹرک کو حادثہ پیش آنے سے 21 افراد ہلاک اور مزید 21 زخمی ہوگئے ۔زمبابوے براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (زیڈ بی سی) کے مطابق ضلع ٹشولوٹشو کے کاروباری مرکز میں 69 مسافروں کو لے کر جانے والا ٹرک موڑ لینے کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔حادثے کے نتیجے میں 15 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ 6 افراد اس وقت جاں بر نہ ہوسکے جب انھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا جبکہ زخمیوں میں 21 دیگر افراد بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ افریقی ملک زمبابوے میں سڑکوں کے خراب نظام کے باعث حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔رواں سال جون میں ملک کے شمالی علاقے میں مسافر بس کے حادثے میں 43 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔