ٹرک آپریٹرس کی ہڑتال میں شدت کا اعلان

حیدرآباد 3 اپریل ( سیاست نیوز ) ٹرک آپریٹرس کی ہڑتال میں مزید شدت کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے کیونکہ انشورنس ریگولیٹری ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( آئی آر ڈی اے ) اور ساؤتھ انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن کے مابین بات چیت آج شام ناکام ہوگئی ۔ بات چیت کی ناکامی کے بعد ہڑتال میں مزید شدت پیدا ہوجائیگی کیونکہ لاری مالکین نے اشیائے ضروریہ کی منتقلی کو اس ہڑتال سے استثنی دیا تھا لیکن اب یہ اشیا بھی منتقل نہیں کی جائیں گی ۔ آج لاری مالکین کی ہڑتال پانچویں دن میں داخل ہوگئی ۔ مسٹر گوپال نائیلاو صدر اور مسٹر درگا پرساد سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ لاری اونرس اسوسی ایشن کے بموجب اب تک 8 لاکھ لاریاں سڑکوں سے ہٹ گئی ہیںلیکن اشیائے ضروریہ جیسے فیول ‘ ترکاری منتقل کرنے والی لاریاں بھی اس میں شامل ہوجائینگی اور یہ تعداد 13 لاکھ ہوجائیگی ۔