واشنگٹن۔ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن نے ایک انتہائی گرمجوش مکتوب صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کو روانہ کرتے ہوئے ان سے گزارش کی ہے کہ دونوں قائدین کے درمیان ایک دوسری ملاقات ضروری ہے۔ وائیٹ ہاؤز نے آج کہا کہ وہ اس نظریہ کا کھلے دِل سے خیرمقدم کرتا ہے اور وہ اعلیٰ سطحی شخصیتوں کی دوسری چوٹی کانفرنس کے نظریہ کا مخالف نہیں ہے۔ دونوں قائدین کی پہلی ملاقات سنگاپور میں ہوئی تھی۔ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان بات چیت معطل ہوگئی تھی کیونکہ صدر ٹرمپ ، کم جونگ اُن کے ایک مکتوب کی وصولی کا انکشاف کیا تھا اور موجودہ مکتوب کے بارے میں وائیٹ ہاؤز کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرس نے کہا کہ یہ ایک انتہائی مثبت لب و لہجہ کا مکتوب ہے۔ مکتوب کا مقصد صدر امریکہ سے دوسری ملاقات کیلئے درخواست کرنا ہے اور ان سے خواہش کی گئی ہے کہ دوسری ملاقات کی تاریخ مقرر کریں۔ امریکہ اس سلسلے میں کھلا ذہن رکھتا ہے اور اس نے پہلے ہی سے تعاون کرنے کا ارادہ کر رکھا ہے۔ گزشتہ ماہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے وزیر خارجہ مائیک پامپیو کو ہدایت دی تھی کہ شمالی کوریا کے اپنے دورہ کو موخر کردیں ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کا احساس ہے کہ ہماری ملاقات کافی نہیں ہوئی۔ اس لئے کہ جزیرہ نمائے کوریا کو نیوکلیئر ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاہدہ کا شمالی کوریا کی جانب سے احترام نہیں کیا گیا ہے۔