سنگاپور ۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم سنگاپور لی سین لونگ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کی جو تاریخی ملاقات ہونے والی ہے وہ امن کی سمت ایک ایسی پیشرفت ہوگی جس کا برسوں سے انتظار کیا جارہا ہے۔ سنگاپور کو یہ اعزاز حاصل ہوگا کہ وہ ان دو مشہور و معروف قائدین کی ملاقات کا مقام بننے والا ہے۔ یاد رہیکہ ٹرمپ نے کل اعلان کیا تھا کہ وہ 12 جون کو کم جونگ ان سے سنگاپور میں ملاقات کریں گے۔ کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیئر توانائی سے بالکل پاک کرنے کیلئے ’’سرد جنگ حریفوں‘‘ کے درمیان اپنی نوعیت کی یہ بالکل پہلی ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس ملاقات کے بہتر نتائج کیلئے دعا کرنی چاہئے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہیکہ سنگاپور کی وزارت خارجہ نے بھی کل شب اعلان کیا تھا کہ دونوں قائدین کی ملاقات کیلئے سنگاپور کو میزبان بننے پر بیحد مسرت ہے۔