واشنگٹن 20ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلن کو دسمبر میں سزا سنائی جائے گی۔ روس کے ساتھ اپنے رابطے کے سلسلے میں امریکہ کی فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) سے جھوٹ بولنے کے الزام میں فلن کو دسمبر 2017میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔
سال 2016 میں صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت میں خصوصی کونسل روبرٹ مولر کی جانچ کے ساتھ تعاون کرنے کے عوض فلن نے 2017 میں روسی سفیر کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ایف بی آئی کے سامنے جھوٹ بولنے کی بات کو تسلیم کیا۔ امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیر کو فلن کے وکلاء اور استغاثہ کی جانب سے مشترکہ طور پر داخل کی گئی درخواست میں کہا تھا کہ فلن کو جلد ہی 28 نومبر کو سزا سنائی جا سکتی ہے۔ ٹرمپ نے روس اور اپنی انتخابی مہم کے درمیان رابطہ ہونے کے بارے میں کسی بھی تفصیلات سے انکار کیا ہے ۔روس نے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کے الزامات کو مسترد کردیا ہے ۔