واشنگٹن ۔ /27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے موقر اخبار ‘دی واشنگٹن پوسٹ’ نے خبر دی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ایک اعلیٰ مشیر جیرڈ کشنر نے ٹرمپ کے انتقال اقتدار کی ٹیم اور کریملن کے درمیان "خفیہ مواصلاتی رابطے” وضع کرنے کے امکانات پر واشنگٹن میں روس کے سفیر سے تبادلہ خیال کیا تھا۔اخبار نے جمعہ کو امریکی عہدیداروں سے وابستہ خبر میں کہا کہ یہ اقدام کا مقصد ٹرمپ کے منصب صدارت سنبھالنے سے قبل ہونی والی بات چیت کو جانچ پڑتال سے محفوظ رکھنا تھا۔
اخبار کے ذرائع کا کہنا تھا کہ روسی سفیر سرگئی کسلیاک نے ماسکو میں اپنے سینیئرز کو بتایا کہ کشنر نے یہ تجویز دسمبر کے اوائل میں نیویارک سٹی میں ٹرمپ ٹاور میں ہونے والی ملاقات کے دوران دی تھی۔ذرائع کے مطابق یہ معلومات روسی رابطوں کی نگرانی کے دوران حاصل ہوئی تھی جس کا امریکی حکام جائزہ لے چکے ہیں۔
ایران کامارٹر حملہ ،بلوچستان میں ایک پاکستانی ہلاک
اسلام آباد۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی فوج کی جانب سے داغے گئے ایک مارٹر سے پاکستانی شہری ہلاک ہوگیا۔ یہ مارٹر پاکستان کے جنوب مغربی بلوچستان خطہ کے ضلع پنجگر میں جاگرا تھا۔ کمشنرمکران بشیر بنگلو زئی نے کہا کہ مارٹر شل ایک گاڑی پر آگرا جس سے فوری طور پر کم جان نامی شخص ہلاک ہوا۔ اس حملے کی وجہ سے قریبی علاقہ کو بھی نقصان ہوا ہے۔ کم جان ایک گاڑی میں جارہے تھے۔ ایران کی اس خلاف ورزی کی اطلاع صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ سکیورٹی فورسیس نے فوری مقام پر پہنچ کر علاقہ کا محاصرہ کرلیا۔