واشنگٹن۔27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ توقع ہے کہ پناہ گزینوں اور امیگریشن سے متعلق نئے ایگزیکٹیو حکمنامہ پر چہارشنبہ کے روز دستخط کریں گے جبکہ منگل کو کانگریس کے مشترکہ سیشن میں شرکت کرتے ہوئے موصوف قانون سازوں کو خطاب کریں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ٹرمپ نئے ایگزیکٹیو حکمنامہ پر گزشتہ ہفتہ ہی دستخط کرنے والے تھے تاہم ترجمان شین اسپائیز نے بتایا کہ صدر موصوف نے دستخط کے عمل کو مزید کچھ دنوں تک آگے بڑھادیا تاکہ وہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ اب کی بار جو حکمنامہ جاری ہو تو وہ نقائص سے پاک ہو جبکہ قبل ازیں جاری کئے گئے حکمنامہ کے تحت سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کا امریکہ میں داخلہ ممنوع قرار دیا گیا جسے ایک وفاقی جج نے مسترد کردیا تھا جبکہ صدر ٹرمپ پر بھی ایسا متنازعہ حکمنامہ جاری کرنے پر تنقید کی گئی تھیں۔