ٹرمپ پر پناہ گزینوں کے نئے جتھے کا خوف دلانے کا الزام

واشنگٹن۔29 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی سینیٹر ڈائنے فین اسٹین نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ملک کی مغربی سرحد پر دیوار کی تعمیر کو جواز اور اس سے ووٹ حاصل کرنے کے لئے رائے دہندگان کو وسطی امریکی ملک میں پناہ گزینوں کا نیا جتھا بننے کا ڈر دکھا رہے ہیں۔ امریکہ۔میکسیکو سرحد پر دیوار بنانے کیلئے وفاقی بجٹ پاس نہ ہونے پر امریکہ میں جزوی شٹ ڈاؤن جاری ہے ۔امریکی صدر نے ایک ٹویٹ میں یہ دعوی کیا کہ ہونڈوراس میں پناہ گزینوں کا نیا جتھا بن رہا ہے ۔ ٹرمپ نے اس پناہ گزین جتھے کو نہ روک پانے کی پوزیشن میں تین وسطی امریکی ممالک کو دی جانے والی اقتصادی امداد بند کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ فین اسٹین نے ٹویٹ کرکے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر میکسیکو اور وسطی امریکی ممالک پر نشانہ لگایا ہے ۔وہ پناہ گزینوں کے نام نہاد نئے جتھے کا ڈر دکھا کرسر حد ی دیوار کے اپنے فیصلے کو جائز ٹھہرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا یہ قدم غیر ذمہ دارانہ اور علاقے میں عدم استحکام کا خطرہ پیدا کرنے والا ہے۔امریکہ میں امریکی۔میکسیکو سرحد کی تجویز کے سلسلہ میں ہفتہ ہی سے جزوی شٹ ڈاؤن ہے ۔ امریکی صدر امریکہ ۔میکسیکو کی سرحد پر پانچ ارب ڈالر کی لاگت سے سرحد پر دیوار بنوانے کے لئے بجٹ پاس کروانا چاہتے ہیں جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ممبران اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔