’’ٹرمپ ناقابل علاج ذہنی مریض‘‘ :کم جونگ ان

امریکی صدر کے پہلے ایشیائی دورہ سے قبل شمالی کوریا کا ریمارک
سیول ؍ یکم ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے اپنے نیوکلیئر عزائم پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ڈونالڈ ٹرمپ کے بحیثیت امریکی صدر پہلے ایشیائی دورہ کے آغاز سے قبل انہیں اپنی سخت مذمت کا نشانہ بناتے ہوئے شخصی ریمارک میں ’’ناقابل علاج ذہنی مریض‘‘ قرار دیا۔ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ ان حالیہ مہینوں کے دوران ایک دوسرے کو شخصی تنقیدوں، اہانت آمیز ریمارکس اور جنگ کی دھمکیوں کا تبادلہ کرتے رہے ہیں، جس سے منقسم جزیرہ نما کوریا میں یقینی تصادم کے اندیشوں کے سبب تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے قبل ازیں کم جونگ کو ’’آگ اور غصہ‘‘ اور ’’طوفان سے قبل خاموشی‘‘ کی وارننگ دی تھی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے انہوں نے کہا تھا کہ ’’امریکہ کو اگر خود اپنی اور اپنے حلیفوں کی دفاع کرنا پڑے گا تو وہ شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ و برباد کردیں‘‘۔ شمالی کوریا کے حاکم نے امریکی صدر کی تنقیدوں کے جواب میں ٹرمپ کو نیم پاگل کوریائی زبان میں ’نیوک داری‘ کہا تھا، جس کا مطلب ایک نیم پاگل، جاہل، چڑچڑا بوڑھا ہوتے ہیں۔ کم جونگ ان نے اواخر ہفتہ پر ٹرمپ کے ایشیائی دورہ کے آغاز سے قبل کہا کہ ’’انہیں (ٹرمپ کو) ان کے نفسیاتی عارضہ کے علاج کے لئے دوا لینے کی شدید ضرورت ہے‘‘۔ ٹرمپ اپنی تمام نظریں کم اور شمالی کوریا پر مرکوز کرتے ہوئے یہ ایشیائی دورہ کریں گے، جس میں جاپان، جنوبی کوریا، چین، ویتنام اور فلپائن بھی شامل ہے۔