ٹرمپ ایران سے نئے نیوکلیئر معاہدہ کیلئے تیار

واشنگٹن ۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران پر دوبارہ تحدیدات عائد کردی ہیں جنہیں 2015ء کے عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے نیوکلیئر معاہدہ کے بعد برخاست کردیا گیاتھا۔ ٹرمپ نے گذشتہ ماہ مئی میں یہ کہتے ہوئے کہ ایران نیوکلیئر معاہدہ کی تعمیل نہیں کررہا ہے، امریکی تحدیدات کی برخاستگی کو منسوخ کردیا تھا۔ آج امریکہ نے کارروائی کرتے ہوئے ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے مربوط امریکی تحدیدات ایران پر دوبارہ کردیں۔ تاہم ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ تازہ نیوکلیئر معاہدہ کے سلسلہ میں کھلا ذہن رکھتے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ وہ صدر ایران حسن روحانی سے ملاقات کیلئے بھی تیار ہیں۔ بروسلز سے موصولہ اطلاع کے بموجب یوروپی یونین نے آج کہاکہ امریکہ کے نئی تحدیدات ایران پر نافذالعمل ہوچکی ہیں۔ یوروپی کاروبار پر ان کا اثر زائل کرنے کیلئے یوروپی یونین تمام ضروری اقدامات کرچکا ہے۔ یوروپی یونین نے کہا کہ عالمی صیانت کیلئے ایران سے نیوکلیئر معاہدہ انتہائی اہم ہے۔