ماسکو ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کریملن کے ایک ترجمان کے مطابق صدر روس ولادیمیر پوٹن اپنے امریکی ہم منصب ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ہیلسنکی میں ہونے والی چوٹی ملاقات بغیر کسی معاون کے کریں گے۔ بہ الفاظ دیگر دونوں قائدین کی ایک پرائیویٹ ملاقات بھی طئے ہے جہاں ان دونوں کے سوائے اور کوئی نہیں ہوگا۔ ترجمان ڈیمیتری پوسکوف نے اخباری نمائندوںسے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر فریقین اس بات پر آمادہ ہوں تو یہ بات یقینی طور پر کہی جاسکتی ہیکہ ٹرمپ اور پوٹن اپنے معاونین کے بغیر دوبدو ملاقات کریں گے جو سرکاری اجلاس سے قبل ایک پرائیویٹ ملاقات ہوگی۔ سرکاری اجلاس 16 جولائی کو منعقد شدنی ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صدر پوٹن ہر نوعیت کی اس ملاقات کو اطمینان بخش سمجھتے ہیں جو ان کے مبصرین کیلئے بھی اطمینان بخش ہو۔ منگل کے روز ماسکو میں موجود ایک امریکی کانگریشنل وفد نے روسی وزیر خارجہ سرگی لاروف اور روسی ارکان پارلیمان سے ملاقات کی۔ یاد رہیکہ امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ دخل اندازی اور یوکرین میں روس کے کردار کو لیکر دونوں ممالک کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔