واشنگٹن، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے دو اہم سربراہان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن اگلے ہفتے جرمنی میں جی -20 اجلاس کے دوران پہلی بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے ۔ کریملن اور وہائٹ ہاؤس دونوں نے ہی آج اس سلسلے میں اعلان کیا کہ مسٹر ٹرمپ اور مسٹر پوتن ھیمسبرگ میں 7 اور 8 جولائی کو ہونے والے جی -20 ممالک کے سربراہی اجلاس کے دوران علحدہ طورپر ملاقات کریں گے ۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ میٹنگ کے لئے ابھی تک کوئی ایجنڈا تیار نہیں کیا گیا ہے ۔ یہ میٹنگ مسٹر ٹرمپ کومشکلات میں ڈال سکتی ہے ۔ الزام ہے کہ روس نے گزشتہ سال امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی اور ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مہم میں مدد کرکے مسٹر ٹرمپ کی غیر متوقع جیت میں مدد کی تھی۔ روس اور امریکہ یوکرین، ناٹو کی توسیع اور شام میں خانہ جنگی کے مسائل پر بھی آمنے سامنے ہیں۔