تقریباً 8 ہزار جائیدادوں کا اندرون دس یوم اعلان ، سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست کے بجلی اداروں میں بھاری تعداد میں بھرتیاں کرنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کررہے ہیں ۔ ٹرانسکو ، جینکو ، ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل ، ٹی ایس این پی ڈی سی ایل میں اسسٹنٹ انجینئرس ، سب انجینئرس ، جونیر لائن مین اور دیگر جائیدادوں پر بھرتی کے لیے اندرون دس یوم اعلامیہ جاری کیے جائیں گے ۔ عہدیداران کے مطابق جملہ 4 ہزار جائیدادوں پر بھرتی کے اعلانات متوقع ہیں اور چار اداروں میں تقریبا 1000 اسسٹنٹ انجینئرس کی بھرتیاں کی جائے گی جب کہ ٹرانسکو میں 330 اسسٹنٹ انجینئرس ، 174 سب انجینئرس ، 1100 جونیر لائن مین کی جائیدادوں پر بھرتیاں ہونے والی ہیں اور بقیہ تین اداروں میں بھرتی کی جانے والی جائیدادوں کی تفصیلات کا بھی عنقریب انکشاف ہونے کے امکانات ہیں۔ قبل ازیں ہر ایک کمپنی علحدہ طور پر اعلامیہ جاری کرنے کی وجہ سے بہت سے امیدوار ایک سے زائد کمپنیوں کے لیے منتخب ہوگئے تھے جس کی وجہ سے تقررات میں پیچیدگیاں پیدا ہوگئی تھیں ۔ اعلیٰ میرٹ نمبرات رکھنے والے کا انتخاب مکمل کرنے کے بعد دوسرے نمبر کی میرٹ والے امیدواروں کا دیگر جائیداد کے لیے انتخاب کرنے پر بعض لوگوں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ۔ آخر کار سپریم کورٹ سے خصوصی احکامات حاصل کرنے کے بعد دوسرے ضابطہ میں مابقی جائیدادوں پر برقی اداروں نے بھرتیاں کی تھیں اور دوسرے ضابطہ میں جائیدادیں بچ جانے کی وجہ سے تیسری اور چوتھی مرتبہ بھی اعلامیہ جاری کیا جانے والا ہے ۔ ماضی کے مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام کمپنیز نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ مگر دوسرے ضابطہ کے تحت باقی ماندہ جائیدادوں کی بھرتی کے لیے سپریم کورٹ اجازت دینے کی وجہ سے پھر ایک مرتبہ الگ الگ اعلامیہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایک ہی زمرے کی جائیدادوں اور تعلیمی قابلیت ہونے کے باوجود تحریری امتحانات علحدہ طور پر منعقد کئے جائیں گے ۔۔