’ٹاٹا اِسٹیل‘ کا برطانیہ میں کارخانے بند کرنے کا اعلان

لندن۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مشہور کمپنی ’’ٹاٹا اسٹیل‘‘ نے برطانیہ میں خسارہ میں چلنے والے اپنے اسٹیل کے کارخانوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے ہزاروں ملازمین کا روزگار متاثر ہو سکتا ہے۔ ٹاٹا نے اپنے یورپیئن شراکت دار کو ایسی تمام تنصیبات کی تنظیم نو کرنے کی ہدایت دی ہے جس میں برطانیہ کے آپریشن کو جزوی طور پر یا پھر مکمل طور پر فروخت کرنے کی بات کی گئی ہے۔منگل کے روز ممبئی میں بورڈ کی ایک اہم میٹنگ کے بعد ٹاٹا نے کمپنیوں کی تنظیم نو کے فیصلے کا جو اعلان کیا ہے اس سے نہ صرف اسٹیل کمپنی کے ملازمین متاثر ہوں گے بلکہ رودرہیم، کوربی اور شاٹن میں واقع اس کے دیگر پلانٹس بھی متاثر ہوں گے۔ ٹاٹا نے کہا کہ کہ عالمی سطح پر ضرورت سے زیادہ اسٹیل کی سپلائی، یورپ میں اس کی درآمدات، زیادہ لاگت اور غیر مستحکم کرنسی کے سبب برطانیہ اور یورپ میں کاروباری حالات تیزی سے بگڑ رہے ہیں۔ کمپنی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انہیں حالات کے مستقبل میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے اور اس سے برطانیہ کے آپریشنس کا موقف متاثر ہوا ہے۔‘جس میں پلانٹ کے سربراہان اور عملہ بھی شامل ہو سکتے ہیں۔