ٹاون پلاننگ سیکشن آفیسر رشوت لیتے ہوئے گرفتار

حیدرآباد ۔ /31 مئی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے جی ایچ ایم سی ٹاؤن پلاننگ سیکشن سے وابستہ ایک سیکشن آفیسر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی سرکل 9 سردار محل ٹاون پلاننگ سیکشن آفیسر سید اشرف احمد نے مبینہ طور پر سلطان شاہی کے ساکن بی دھرمیندر سنگھ سے مکان کی تعمیر جاری رکھنے کیلئے 15 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا ورنہ تعمیر روک دینے کا انتباہ دیا تھا ۔ دھرمیندر سنگھ نے اس سلسلے میں اینٹی کرپشن بیورو سے شکایت درج کروائی تھی جس پر اے سی پی عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے سید اشرف احمد سیکشن آفیسر کو رشوت کی رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے رقم بھی برآمد کرلی ۔ اے سی بی عہدیداروں نے گرفتار ملزم عہدیدار کو انسداد رشوت ستانی کورٹ میں پیش کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔