کانچی پورم ۔ /15 جون (سیاست ڈاٹ کام) اے ٹی ایم سکیورٹی گارڈ کے بہیمانہ قتل کی واردات پیش آئی ۔ پولیس کے مطابق ایسٹ کوسٹ روڈ پر واقع ایک خانگی اے ٹی ایم مشین کے 54 سالہ سکیورٹی گارڈ کی نعش آج صبح خون میں لت پت دستیاب ہوئی ۔ پولیس کی گشتی پارٹی جب یہاں پہونچی تو دیکھا کہ سکیورٹی گارڈ کا گلا اور دونوں ہتھیلیاں کٹے ہوئے ہیں ۔ اس کی نعش اے ٹی ایم سنٹر سے تقریباً 30 فٹ دور پڑی ہوئی تھی اور اے ٹی ایم پر سیاہ دھبے دکھائی دیئے جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ حملہ آواروں نے مشین کو توڑنے کی کوشش بھی کی ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ چلا ہے کہ مجرم نے اے ٹی ایم میں داخل ہونے سے پہلے سکیورٹی گارڈ کا قتل کیا۔ اس کی تصویر کلوز سرکٹ کیمرہ میں ریکارڈ کی گئی ہے لیکن وہ اپنے چہرہ پر نقاب لگائے ہوئے تھا ۔ اس دوران پولیس نے بینک عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ دور دراز علاقوں میں اے ٹی ایم قائم نہ کریں ۔