عام زندگی مفلوج ۔ آبی ذخائر لبریز ، طیاروں کی آمد و رفت متاثر ، مزید بارش کی پیش قیاسی
چینائی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) تاملناڈو کے بیشتر مقامات بشمول چینائی اور پڑوسی ریاست پانڈیچری میں آج موسلا دھار بارش سے طیاروں کی آمد و رفت درہم برہم اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ اور کل بھی صورتحال میں بہتری کی کوئی توقع نہیں ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تاملناڈو بالخصوص شمال اضلاع چینائی ، تریوالور اور کانچی پورم میں دھواں دھار بارش ہوگی ۔ علاوہ ازیں پانڈیچری میں جو بارش کا امکان ہے ریجنل میٹرولوجیکل سنٹر کے عہدیداروں نے بتایا کہ سری لنکا اور تاملناڈو کے درمیان سمندر میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا مرکز تشکیل پاگیا ہے جس کے زیراثر ریاست بھر میں چہارشنبہ کو زبردست بارش کا امکان ہے اور ساحلی اضلاع میں عام زندگی مفلوج ہوجائیگی جبکہ یہ اضلاع گزشتہ ماہ سے جاری بارش کے باعث انسانی جان و مال کے نقصانات سے دوچار ہیں۔ سرکاری حکام نے ان اضلاع میں آج بارش کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کردیا تھا جبکہ چینائی میں دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے انھیں آر ٹی سی بسوں اور میٹرو ٹرینوں میں سفر کرنا پڑا کیونکہ مسلسل بارش اور سیلاب سے سڑکیں خستہ حال اور ناقابل استعمال ہوگئی ہیں۔ دریں اثناء ایرپورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ناسازگار موسم کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیااور ایک فلائٹ کو آج صبح کولمبو روانہ کرنے کے تھوڑی دیر بعد واپس طلب کرلیا گیا۔ پانڈیچری میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں پر آج صبح 15.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ٹاملناڈو کے بڑے ذخائر آب میں طغیانی آگئی ہے اور فاضل پانی کے اخراج کے سواء کوئی چارہ کار نہیں ہے جس کے نتیجہ میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ ریاستی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ چار دنوں تک مزید بارش ہوسکتی ہے ۔