و500 ویں ٹسٹ میں ہندوستان کو 197 رنز کی کامیابی، گھریلو میدانوں پر 88 ویں فتح

کانپور۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے تاریخی 500 ویں ٹسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 197 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف تین مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے بلکہ گھریلوں میدانوں پر 88 ویں فتح بھی درج کرلی ہے۔ علاوہ ازیں اس کامیابی کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم نے اپنے گھریلو میدانوں پر متواتر 11 مقابلوں میں ناقابل تسخیر رہنے کا ریکارڈ بھی بنالیا ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 1998 ء سے ہندوستان کی سرزمین پر ہنوز اپنی پہلی کامیابی کے تعاقب میں ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جوکہ کانپور میں منعقدہ اس تاریخی مقابلہ میں کامیابی کے لئے 434 رنز کے نشانے کا تعاقب کررہی تھی تاہم وہ آج مقابلہ کے آخری دن 236 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کو آخری دن کے ابتدائی سیشن میں ہی آل آئوٹ کرنے میں سینئر اسپنر روی چندرن اشون نے 132 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرتے ہوئے کلیدی رول ادا کیا اور گھریلو میدانوں کی وکٹوں کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا سلسلہ بھی برقرار رکھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جس نے اپنے آج کھیل کا آغاز 93/4 سے کیا اور جس وقت تک لیوک رونچی (80 )  اور مچل سینٹنر (71) وکٹ پر موجود تھے، اس وقت تک نیوزی لینڈ کی شکست سے محفوظ رکھنے کی امیدیں برقرار رتھیں۔ نیز مذکورہ کھلاڑیوں نے 20 اوورس میں 65 رنز بناتے ہوئے صبح کے ابتدائی سیشنس میں ہندوستانی ٹیم کو کامیابی سے کسی قدر دور رکھا۔ یہ جوڑی اس وقت ٹوٹی جب رونچی رویندر جڈیجہ کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں پوائنٹ پر موجود کھلاڑی اشون کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ اس غلطی کی وجہ سے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بننے والی 102 رنز کی پارٹنرشپ بھی ٹوٹی۔ رونچی کے پویلین لوٹنے کے بعد سینٹنر نے وکٹ کیپر بیٹسمین بی جے واٹلنگ (18) کے ہمراہ مزید 10 اوورس تک ہندوستانی بولروں کو وکٹ حاصل کرنے سے محروم رکھا اور 36 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ اس پارٹنر شپ کو میزبان فاسٹ بولر محمد سمیع نے واٹلنگ کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کرتے ہوئے توڑا۔ سمیع جنہیں وکٹ سے مدد ملنے کی وجہ سے وہ ریورس سوینگ کا بہترین مظاہرہ کررہے تھے۔ انہوں نے واٹلنگ کے بعد اپنے اگلے اوور میں مارک گریک کو بھی پویلین لوٹادیا۔ یہاں نیوزی لینڈ کو دوہرا نقصان ہوا کیوں کہ نہ صرف گریک آئوٹ ہوکر پویلین گئے بلکہ زخمی ہونے کی وجہ سے اب وہ سیریز کے ماباقی مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی نہیں کرے پائیں گے۔ زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے کے بعد ان کے مقام پر جیتن پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ متواتر 2 اوورس میں دو وکٹوں کے زوال کی وجہ سے نیوزی لینڈ شدید دبائو میں آگئی جس کے بعد اشون نے اپنی جادوئی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے نچلی صف کے بیٹسمینوں کو ایک کے بعد دیگرے پویلین کی راہ دکھانی شروع کردی۔ سینٹنر نے اپنے ٹسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور ان کی اننگز 179 گیندوں پر مشتمل تھی جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل رہے۔ ہندوستان کو آج دوسرے سیشن میں صرف تین وکٹیں حاصل کرنی تھی اور اشون نے یہ تینوں وکٹیں اپنے نام کرلی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آج کا کھیل مقابلہ کو ڈرا کرنے کے مقصد سے شروع کیا جس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے بیٹسمینوں نے آج پہلا رن بنانے کے لئے 19 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران رونچی اور سینٹنر اعتماد کے ساتھ اسپنرس کا سامنا کررہے تھے۔ اشون اور جڈیجہ بیٹسمینوں کو غلطی کرنے کے لئے گیندوں کو ہوا میں زیادہ دیر رکھ رہے تھے۔ دونوں ٹیمیں اب کولکتہ کی سمت سروانہ ہوں گے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان جمعہ کو دوسرا ٹسٹ شروع ہوگا جس کے بعد سیریز کا تیسرا اور آخری ٹسٹ 8 اکٹوبر کو انڈور میں کھیلا جائے گا۔