وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاملت بریگیڈیر کے خلاف مقدمہ

نئی دہلی ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاملت اسکام کے سلسلہ میں سی بی آئی نے آج آرمی ایوئیشن کور سے وابستہ بریگیڈیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ان پر ہیلی کاپٹرس کی آزمائشی پرواز کے بارے میں فرضی ریکارڈس پیش کرنے کا الزام ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بریگیڈیر وی ایس سائنی اور فوج و وزارت دفاع کے نامعلوم عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پولیس سے تازہ دستاویزات کی وصولی کے بعد یہ اقدام کیا گیا ۔۔

یہ پی ایم کی وداعی پریس کانفرنس ہوئی، نتیش کا تاثر
پٹنہ ، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ وزیراعظم منموہن سنگھ کی کل منعقدہ پریس کانفرنس کا مقصد بس عوامی زندگی کو وداع کہنا رہا۔ ’’وزیراعظم کی اس پریس کانفرنس پر اس کے سواء اور کچھ ردعمل نہیں کرنا ہے کہ یہ (ڈاکٹر) سنگھ کی وداعی پریس کانفرنس رہی،‘‘ نتیش نے ایک سوال کے جواب میں اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نے بس یہی کہا کہ وہ اس عہدہ پر تیسری میعاد کیلئے دوڑ میں نہیں ہیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ وزیراعظم نے اس ملک میں معاشی صورتحال یا مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے کچھ نہیں کہا اور نا کوئی پیغام دیا۔ نتیش نے وزیراعظم کی طرف سے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی زبردست ستائش پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔