شرپسندی کے نتیجہ میں جھڑپ ، بھلواڑہ میں خوف وہراس کا ماحول
بھلواڑہ ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جھڑپ ہوجانے کی افواہ کے نتیجہ میں یہاں وشواہندو پریشد ( وی ایچ پی ) کے نکالے گئے جلوس کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی ، پولیس نے آج یہ بات کہی ۔ ایس پی چتورگڑھ راگھویندرا سوہاسا نے کہا کہ یہ واقعہ کل رات پیش آیا جب بعض شرپسندوں نے جلوس کے لوگوں کو غلط طورپر بتادیاکہ قریبی چوک میں جھڑپ چھڑگئی ہے ، جس پر تمام جلوسیوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا ۔ جب یہ افواہ بڑھی تو بعض جلوسی تیزی سے متذکرہ مقام پہونچے اور وہاں بعض گاڑیوں اور برقی میٹر کو نقصان پہنچایا۔ ایس پی نے کہا کہ تاہم صورتحال پر پولیس نے قابو پالیا اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس تنظیم میں دو گروپ تھے اور ایک گروپ کے کسی ممبر نے ایسی افواہ اُڑادی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ جلوس پر پتھراؤ کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئیں۔ دریں اثناء جلوس ختم ہوجانے کے بعد ایک شخص اور اُس کا فرزند جو اقلیتی برداری سے تعلق رکھتے ہیں ، انھیں بعض نامعلوم اشخاص نے قریبی علاقہ میں زدوکوب کیا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا اس واقعہ کا افواہ سے پیدا شدہ کشیدگی سے کوئی تعلق ہے ۔
بھاگوت کے ہندو قوم تبصرہ پر ردعمل
ظاہر کرنے سے پاسوان کا انکار
پٹنہ ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے حالیہ بیان پر جس میں انہوں نے ہندوستان کو ہندو مملکت قرار دیا تھا، کوئی ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس بی جے پی سے الگ ایک تنظیم ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے ان کو ’’موسمی مرغا‘‘ قرار دینے پر آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ وہ چاہر اسکام میں جرم قرار پانے کے بعد ضمانت پر رہا کئے گئے ہیں۔