اندرون 20 یوم نتائج کی اجرائی، 27 فبروری سے احکام تقررات، چیف سکریٹری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 فبروری (سیاست نیوز) ریاست میں ولیج ریونیو آفیسرس اور ولیج ریونیو اسسٹنٹس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے منعقدہ ٹسٹ کو انتہائی شفافیت و غیرجانبداری کے ساتھ نتائج کو قطعیت دینے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی نے چیف مسٹر، لینڈ ایڈمنسٹریشن اور ان کے ماتحت عہدیداروں کی زبردست ستائش کی۔ آج شام ’’بھوپریپالنا بھون‘‘ چیف کمشنر آف لینڈ ایڈمنسٹریشن آفس میں منعقدہ ایک سادہ لیکن پراثر تقریب کے موقع پر وی آر اوز اور وی آر ایز ٹسٹ کے نتائج جاری کرنے کے بعد اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ دیہی سطح پر روبہ عمل لائے جانے والے ترقیاتی پروگراموں کو ریاستی حکومت نے تین حصوں میں تقسیم کیا ہے، جس میں ڈیولپمنٹ و ویلفیر پروگرامس، پبلک وائس پروگرامس اور ریگولیٹری سرویسیس پروگرامس شامل ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعہ ہر محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں کافی مدد حاصل ہورہی ہے اور دیہی سطح پر بھی نظم و نسق کو مؤثر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام پروگراموں کی عمل آوری کا حیدرآباد سے ہی راست جائزہ لینے کیلئے ’’آن لائن مانیٹرنگ سسٹم‘‘ کو بھی شروع کیا گیا ہے۔
اس طرح نچلی سطح پر (دیہی سطح پر) ایڈمنسٹریشن کو مزید مستحکم بنانے کی شدید ضرورت ہے۔ ڈاکٹر پی کے موہنتی نے کہا کہ 20 سے زائد ریونیو سرویسیس کو بھی ’’می سیوا‘‘ کے تحت مؤثرانداز میں خدمات کو انجام دیا جارہا ہے تاکہ عوام کو مشکلات و تاخیر سے نجات حاصل ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی سطح پر روبہ عمل لائے جانے والے پروگراموں کو ہر تین ماہ ایک مرتبہ منعقد کئے جانے والے گرام سبھاؤں میں رکھنے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ مسٹر موہنتی نے کہا کہ بہرصورت حکومت نے دیہی سطح پر نظم و نسق میں بہتری پیدا کرنے اور نظم و نسق و مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے ریاست بھر میں ولیج ریونیو آفیسرس اور ولیج ریونیو اسسٹنٹس کی مخلوعہ تمام جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کی ہے اور ساتھ ہی ساتھ دیہی سطح تا ضلع سطح پر نظم و نسق کو شفاف اور جوابدہ بنانے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر مسرس ایس پی سنگھ اسپیشل چیف سکریٹری بی آر منیا، پرنسپل سکریٹری محکمہ ریونیو، آئی وائی آ رکرشنا راؤ، چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن راما کرشنا اور شریمتی سوریا کماری عہدیداران محکمہ مال بھی شریک تھے۔ قبل ازیں چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن مسٹر آئی وائی آر کرشنا راؤ نے خیرمقدم کیا
اور وی آر اوز اور وی آر ایز تقررات کیلئے منعقدہ ٹسٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں وی آر اوز کی منظورہ جائیدادیں 16945 اور ولیج ریونیو اسسٹنٹس کی 51209 جائیدادیں پائی جاتی ہیں جن کے منجملہ 14116 وی آر اوز اور 40875 وی آر ایز ریاست میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ 2829 وی آر اوز اور 10334 وی آر ایز کی جائیدادوں پر سال 2011-12ء میں تقررات کئے گئے اور ان تقررات میں جملہ 1657 وی آر اوز اور 4305 وی آر ایز جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس اعلامیہ کی روشنی میں جملہ 13,13,302 درخواستیں وی آر اوز جائیدادوں کیلئے اور وی آر ایز جائیدادوں کیلئے جملہ 62,786 درخواستیں وصول ہوئی تھیں اور 37,918 درخواستیں ایک ساتھ وی آر اوز اور وی آر ایز کی جائیدادوں کیلئے وصول ہوئی تھیں اور ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے 2 فبروری کو ریاست بھر میں ٹسٹ منعقد ہوا تھا اور اس ٹسٹ کا نتیجہ اندرون 20 یوم آج اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منتخبہ وی آر اوز اور وی آر ایز کو 27 فبروری کے دن احکامات تقررات حوالہ کرنے کی تمام ضلع کلکٹروں کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔