وینزویلا نے پامپیو کے بیان کی مذمت کی

کراکس، 7مئی (سیاست ڈاٹ کام) وینزویلا نے صدر نکولس مدرو کی حکومت کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو کے تبصرہ کی مذمت کی ہے ۔اس سلسلہ میں وینزویلا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے مسٹر پامپیو کے اس بیان کی مذمت کی ۔وینزویلا نے ٹرمپ حکومت کی جانب سے اس پر لگائی گئی اقتصادی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر پامپیو اپنی حکومت کے سخت اور یکطرفہ فیصلوں کے نتائج کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں اور وینزویلا کی اصل صورتحال کیلئے جھوٹی تشویش کا دعوی کر رہے ہیں۔مسٹر پامپیو نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہاتھاکہ وینزویلا میں آج ایک تانا شاہ اپنی معیشت کو برباد کرنے کے علاوہ اپنے لوگوں کو بھوکا مار رہا ہے۔مسٹر پامپیو نے امریکی وزارت خارجہ سے شورش زدہ وینزویلا سے نقل مکانی کر رہے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔قابل غور ہیکہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2015 سے 2017 کے درمیان تقریبا 10 لاکھ لوگ وینزویلا سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔ وینزویلا کے سماج وادی اقتصادی نظام کے خاتمے کے نتیجے میں غذائی قلت اور بیماریوں کے بڑھتے ہوئے واقعات سے بچنے کیلئے لوگ وہاں سے بڑی تعداد میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔